موسمی تبدیلی کی وجہ سے ڈینگی مچھر افزائش پذیر ہے، عوام کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں۔ راجہ محمد حنیف
راولپنڈی (ایف این این آئی) وزیر اعلی پنجاب انسپکشن ٹیم کے چیئرمین راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کی وجہ سے ڈینگی مچھر افزائش پذیر ہے جس سے بچاؤ کیلئے عوامی شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں علاج معالجے کی سہولیات کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔انہوں نے یہ بات محکمہ سماجی بہبود راولپنڈی ڈویژن کے زیر اہتمام انجمن فیض الاسلام کے تعاون سے ڈینگی کے خلاف عوامی شعور کی بیداری کیلئے منعقدہ واک کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی، انجمن فیض الاسلام کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد، سینئر نائب صدر انجمن کرنل (ر) جمیل اطہر، جنرل سیکریٹری گروپ کیپٹن (ر) پرویز اختر،دیگر عہدیداران، سماجی بہبود کے افسران، بوائے سکاؤٹس اور انجمن کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔راجہ محمد حنیف نے کہا کہ حکومت نے صوبے بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے اور وزیر صحت کے ساتھ اجلاس کے بعد آگاہی مہم بسلسلہ ڈینگی بخار آج راولپنڈی سے اس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے راولپنڈی ڈینگی کے حوالے سے زیادہ حساس شہر ہے اور بروقت حفاظتی تدابیر زیر عمل نہ لائی جائیں تو اموات کا خطرہ ہوتا ہے۔
میاں شہباز شریف جب وزیر اعلی تھے تو انہوں نے کبھی اس پر رسک نہیں لیا اور اب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اس پر پوری توجہ دے رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں۔صدر انجمن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں اور انجمن فیض الاسلام حکومت کی ان کاوشوں میں ہمیشہ دست تعاون بڑھاتا ہے. انہوں نے راجہ محمد حنیف کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ آج کی خصوصی ڈینگی آگاہی مہم واک اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کی صحت کی حفاظت کیلئے حکومت چوکس ہے۔سماجی بہبود کے ڈویژنل ڈائریکٹر نے کہا کہ واک میں شریک تمام لوگ بالخصوص طلبہ اپنے اپنے گھروں، محلوں اور گرد و نواح کے لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بارے آگاہ کریں۔
What's Your Reaction?